خیبر پختونخوا حکومت آٹھ ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تربیت فراہم کرے گی، عاطف خان

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل یوتھ سمٹ کی میزبانی ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کے عزم کا ثبوت ہے۔یوتھ سمٹ سے نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ ڈیجیٹل یوتھ سمٹ 2021 کے حوالے پشاور میں منعقدہ افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ٹی کے ایکسپرٹ کی مانگ بہت زیادہ ہے جبکہ ہمارے 25 فیصد تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں۔ اس لئے حکومت نوجوانوں کو اگلے سال سے آئی ٹی کے شعبے میں تربیت دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں بڑھنے اور تعاون کے ٹھوس مواقع فراہم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت 3ارب روپے کی لاگت سے آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کو ٹریننگ کی فراہمی پر خرچ کر رہی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو آئی ٹی ٹریننگ دینے کیلئے مزید 5 ارب روپے کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت جلد اعلان کرے گی جن سے تقریباً صوبائی حکومت 1 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی سیکٹر میں ٹریننگ دینے کے لئے اقدامات بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو آئی ٹی سیکٹر میں ٹریننگ کی فراہمی کے لئے انکو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے جبکہ ضلعی سطح پرشہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ون ونڈو آپریشن کیلئے سٹی فیسیلیٹیش سنٹرز قائم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مردان، پشاور اور سوات میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز قائم کئے جا رہے ہیں اور صوبائی حکومت ڈیجیٹل گوورننس پروگرام پر بھی کام کر رہی ہے انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل گوورننس سے نہ صرف شفافیت آئے گی بلکہ عام لوگوں کوآسانیاں بھی فراہم ہو ں گی۔ ڈیجیٹل یوتھ سمٹ کی افتتاحی تقریب سے صدر مملکت عارف علوی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا جبکہ صوبائی وزیربرائے ابتدائی وثانوی تعلیم شہرام ترکئی اور وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ ڈیجیٹل یوتھ سمٹ پروگرام مزید دو دن ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رہے گا۔