سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی خبروں کی تشہیر پوری دنیا کیلئے چیلنج ہے، ڈاکٹرعارف علوی

کراچی:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی خبروں کی تشہیر اور دولت کا عدم توازن پوری دنیا کے لیے چیلنج ہے‘ معذور افراد کو روزگار فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی روزی کما سکیں۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس میں انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکائونٹنٹس آف پاکستان(آئی سی ایم اے )کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد برائے 2021 سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدرمملکت نے کہا کہ معذور افراد دنیا کی آبادی کا تقریبا 15 فیصد ہیں جو کہ کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی معذوری ، بینائی یا سماعت سے محروم افراد کو ملازمتیں فراہم کی جا سکتی ہیں کیونکہ ان کی ذہنی صحت درست ہوتی ہیں۔صدر مملکت نے آئی سی ایم اے پاکستان کے پاس آئوٹ ہونے والے طلبا کو مبارکباد دی اور کہا کہ کامیابی سے ڈگریاں مکمل کرنے کے بعدپروفیشنل بھی کارپوری شعبہ کا حصہ بنیں گے، اس طرح وہ سرمایہ کاروں اور کارکنوں کے مفادات کے تحفظ کے ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ خواتین اور معذور افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کام کریں ۔ صدرمملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئی سی ایم اے کی فیکلٹی اور انتظامیہ بھی اس پہلو پر توجہ دے گی۔صدرمملکت عارف علوی نے سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی خبروں کی تشہیر اور دولت کا عدم توازن کو پوری دنیا کے لیے چیلنج قرار دیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو کام کی جگہ پر محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے دنیا بھر میں اقدامات کیے جا رہے ہیں اور دراصل معاشرہ ہی تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں آئی سی ایم اے پاکستان کے صدر ضیاء المصطفی نے کہا کہ ادارے کا قیام 1951 میں عمل میں آیا اور اس کے 7000 ممبران ، پاکستان میں پانچ برانچز اور بیرون ملک پانچ چیپٹر کے ساتھ اس ادارے کو کئی نامور بین الاقوامی اداروں کی رکنیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی ایم اے پاکستان جدید ترین تعلیم سے آراستہ ہے۔قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئی سی ایم اے پاکستان کے صدر ضیا المصطفی اور دیگر کے ہمراہ سی ایم اے کے 32 کامیاب امیدواروں کو ڈگریاں پیش کیں۔