خیبرپختونخوا کی روایتی موسیقی اور محسود اتنڑ ڈانس کی پرفارمنس نے لوک میلہ لوٹ لیا

پشاور: خیبرپختونخوا کلچرا ینڈٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے لوک میلہ 2021 میں پنجاب کونسل آف آرٹ میں منعقدہ تقریب میں خیبرپختونخوا کی روایتی رباب موسیقی اور محسود اتنڑ ڈانس پرفارمنس نے میلہ لوٹ لیا۔ محکمہ سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کے تعاون اور لوک ورثہ اسلام آباد کے زیراہتمام لوک میلہ کامیابی سے جاری ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آرٹ ، ڈائریکٹر پختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی یوسف علی ، جنرل منیجر ٹورازم سجادحمید، ڈپٹی ڈائریکٹر قیصر خٹک سمیت دیگر صوبوں کے ڈائریکٹر اور اہم شخصیات موجود تھیں۔ تقریب میں تمام صوبوں نے اپنی پرفارمنس پیش کی جس میں خیبرپختونخوا کی جانب سے روایتی رباب موسیقی اور محسود اتنڑ ڈانس پیش کیا گیاجس سے شرکاء نہ صرف محظوظ ہوئے بلکہ ان کی تعریف بھی کی۔لوک میلہ میں دیگر صوبوں کی طرح خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی نے بھی صوبائی ثقافتی اشیاء پر مبنی 30 سٹالز لگائے ہیں جن میں تنکے کا کام، پتھروں کی بنی اشیاء،ووڈن آرٹ، پشاوری چپل،کراکل ،شال،کھڈی کاکام،کپڑوں پر موم سے بنی اشیاء یعنی ویکس پینٹنگ، مٹی سے بنی خوبصورت اشیاء ، گلاس کاروینگ، مختلف ہینڈی کرافٹ، آرٹی فیشل جیولری ، ڈرائی فروٹ ، خیبرپختونخوا ٹورسٹ انفارمیشن ڈیسک اور دیگر شامل ہیں۔خیبرپختونخوا پویلین کا رخ کرنے والے سیاحوں کو صوبے کی سیاحت اور سیاحتی مقامات کے بارے میں آگاہی اور معلومات دینے کیلئے ڈیسک کیساتھ ساتھ ایس ایم ڈی سکرین بھی لگائی ہے جس میں سیاحتی مقامات پر بنائی جانے والی ڈاکومنٹریز چلائی جا رہی ہے ۔