مودی سرکار کے اقدام غیرآئینی اور غیرقانونی ہے،پریانکا گاندھی

نئی دہلی:بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے مقبوضہ کشمیر پر نریندر مودی سرکار کے اقدام کو غیرآئینی اور غیرقانونی قرار دے دیا۔کشمیر کی خصوصی حیثیت سے جڑی آئینی شق 370 کی منسوخی کے حوالے سے پریانکا گاندھی نے اپنے پہلے ردعمل کا اعلان کیا۔میڈیا سے گفتگو میں کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے آرٹیکل 370 کو جس انداز سے منسوخ کیا ہے، وہ غیرآئینی اور غیرجمہوری ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی سرکار نے جو انداز اختیار کیا، اس سے آئین کی خلاف ورزی ہوئی۔پریانکا گاندھی نے مزید کہا کہ اس اقدام کے لیے حکومت کی طرف سے جو کیا جانا چاہیے تھا وہ نہیں کیا گیا، ہماری پارٹی بھارتی آئین کے تحفظ کے لیے ہمیشہ لڑی ہے اور اب بھی لڑے گی۔