پاکستان کو ایشیا کپ 2023کی میزبانی مل گئی

دبئی : پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اراکین نے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ 2023 میں ایشیائی ممالک کا سب سے بڑا کرکٹ میلہ پاکستانی سرزمین پر ہو گا، جبکہ اگلے سال 2022 میں ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کو ملی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس دبئی میں ہوا جہاں تمام معاملات طے کیے گئے۔ اسی اجلاس کے دوران چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا اور صدر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سارو گنگولی کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی ۔ذرائع کے مطابق دونوں بورڈز کے سربراہان کے درمیان ملاقات ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوئی۔ ذرائع کے مطابق رمیز راجا اور سارو گنگولی نے غیر رسمی ملاقات کے دوران ایشیائی کرکٹ کو فروغ دینے سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔ دوران گفتگو سارو گنگولی نے رمیز راجا کو انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کا فائنل دیکھنے کی دعوت بھی دی۔ جبکہرمیز راجا نے اجلاس کے دوران بنگلادیش، سری لنکن اور ایمریٹس کرکٹ کے حکام سے بھی سائیڈ لائنز پر ملاقاتیں کیں۔