قبا ئلی ضلع باجوڑ میں کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کا سرکاری دفاتر میں داخلہ بند

باجوڑ:ڈپٹی کمشنر باجوڑ افتخار عالم کے خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خار حمزہ ظہور نے ڈی ایچ او باجوڑ کے ہمراہ مین گیٹ سول کالونی خار پر واقع اینٹی کورونا ویکسینیشن سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود عملہ اور انکی کارکردگی کی جانچ کی۔ انہوں نے سول کالونی خار کو آنے والے لوگوں کو ویکسینیشن کی ترغیب دی اور اس ضمن میں عملی کاروائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام پر واضح کیا کہ اگر کورونا کی وبا سے بچنا ہے تو ہمیں ہر حالت میں ویکسینیشن سے گزرنا پڑے گا۔ انہوں نے سنٹر پر موجود تمام اہلکاروں کو بلا امتیاز ہر کسی کو ٹیکوں کی فراہمی اور مستعدی کیساتھ کام کرنے کے بارے ہدایات جاری کئے اور گیٹ سیکیورٹی پر واضح کیا کہ کسی کو بھی بغیر ویکسینیشن کے اندر آنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد خود کو کورونا ویکسی نیشن لگوائیں تاکہ اس وبائی بیماری کو شکست دے دی جا سکے۔