خیبرپختونخوا نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

لاہور: خیبرپختونخوا نے مسلسل دوسرے سال نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں سینٹرل پنجاب کو شکست۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواکی ٹیم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں دفاعی چیمپئن نے سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، خیبرپختونخواہ کی جانب سے افتخار احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں دفاعی چیمپئن نے مطلوبہ ہدف باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، فاتح ٹیم کی جانب سے افتخار احمد نے ہی 45 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی اور ٹیم کو ٹائٹل جتوا دیا۔