چین نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کا لازوال دوست ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ایک بار پھر ثابت کیا وہ پاکستان کا ساتھی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کو پاکستان اپنا یوم آزادی منائے گا اور میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرائیں تاکہ کشمیریوں کو یکجہتی کا پیغام جائے۔انہوں نے کہا کہ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ چین کے دوران چینی وزیر خارجہ سے ڈھائی گھنٹہ کی طویل ملاقات ہوئی جس میں چین کو مسئلہ کشمیر سے تفصیلی آگاہ کیا، چین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے اور چین نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کا لازوال دوست ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے یک طرفہ قدم اٹھایا ہے جس کا منفی پہلو بھی سامنے آ سکتا ہے اور یہ انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ بھارتی کشمیریوں کی نسل کشی کی جانب بڑھ رہا ہے اور ہم ہیومن کونسل رائٹس کے دروازے پر بھی دستخط دینے کا سوچ رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر میں اس وقت مکمل بلیک آؤٹ ہے اور کشمیر کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے۔ کشمیر میں گزشتہ 6 روز سے کرفیو نافذ ہے اور اب وہاں لوگوں کے گھروں میں اسٹور کیا گیا کھانا ختم ہونا شروع ہو گیا ہے جو خطرناک صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات بگڑ رہے ہیں لیکن ہماری سیاسی جماعتیں تقسیم ہیں اور میری سب جماعتوں سے اپیل ہے کشمیر کے معاملہ پر یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ملٹری آپریشن کی طرف جانے کا بھی نہیں سوچ رہے لیکن اگر کسی نے جارحیت کی کوشش کی تو ہم اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔