حج عازمین کی میدان عرفات آمد جاری ہے

سعودی :سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین منیٰ سے میدانِ عرفات پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ حج کا رکن اعظمِ وقوف عرفات ادا کریں گے اور حج کا خطبہ سنیں گے۔وقوف عرفات کے دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج ہوگا جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی، سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار فرزندانِ اسلام مسلسل تین روز تک 3 خطبے سنیں گے۔ان میں پہلا خطبہ گزشتہ روز جمعے کا خطبہ سنا گیا تھا ، دوسرا خطبہ آج خطبہ حج ہوگا جبکہ تیسرا خطبہ کل نماز عید الاضحٰی کا سنا جائے گا۔عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے۔عازمینِ حج رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔10 ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔سعودی حکام نے فرزندانِ اسلام کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں، تاکہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔خیال رہے کہ رواں برس 22 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا کے عازمین کی ہے جب کہ دوسرے نمبر پر پاکستانی عزام کا ہے۔امسال انڈونیشیا سے ڈھائی لاکھ عازمین جبکہ پاکستان سے 2 لاکھ عازمین فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ میں دفتر امور حج پاکستان نے عازمین ِ حج کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ گرم موسم کے پیش نظروہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ کی تمازت سے بچنے کے لیے اپنے ساتھ چھتری بھی رکھیں۔