بھارت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج

اسلام آباد:مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر بھارت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے،دنیا کے مختلف ملکوں میں مظاہرین نےمطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔نیویارک میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے احتجاج کیا،مظاہرے میں کولمبیا یونیورسٹی میں زیر تعلیم مختلف ممالک کے طلبہ بھی شریک ہوئے۔احتجاج میں سکھ برادری نے بھی حصہ لیا، اس موقع پر مقررین نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کا ظلم و جبر کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا۔ کشمیر بھارتی فوجیوں کا قبرستان بنے گا۔برطانوی شہر برمنگھم میں بھی پاکستانی کمیونٹی اور کشمیریوں نے بھارتی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کیا،برطانوی سیاستدان جارج گیلوے بھی شریک ہوئے،شرکا نےمقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جارحیت اور وادی میں ریاستی دہشت گردی کے خلاف نعرے لگائے۔برمنگھم میں نریندری مودی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے بھارتی قونصلیٹ کویاد داشت بھی جمع کرائی۔مانچسٹر میں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا گیا جس میں بچوں اور خواتین کےعلاوہ برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان بھی شریک ہوئے۔پیرس میں بھی بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے کشمیر کی مخصوص ریاستی حیثیت کو ختم کرنے کے بھارتی اقدامات کی مذمت کی۔