پاک بھارت دوستی بس سروس معطل

اسلام آباد :پاک بھارت دوستی بس سروس معطل کر دی گئی، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی سفری سروس بند کرنے کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے کشیدہ حالات کے بعد پاکستان اور بھارت کے سفارتی تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزارت مواصلات نے موجودہ کشیدہ حالات کے باعث پاک بھارت دوستی بس سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اگلے ہفتے پیر کے روز سے پاک بھارت دوستی بس سروس بند کر دی جائے گی۔ بس سروس غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔ قوی امکان ہے کہ پاک بھارت تعلقات معمول پر آنے سے قبل دوستی بس سروس کا دوبارہ سے آغاز نہیں ہوگا۔دوستی بس سروس کی ٹکٹس بک کروانے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے ری فنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔جبکہ دوسری جانب پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس بھی بند کر دی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دونوں ٹرینوں کی بندش کا باقاعدہ اعلان کیا۔ جبکہ پاکستان بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں بھی کمی لا چکا ہے۔ پاکستان میں تعینات بھارتی سفیر کو واپس بھارت بھیج دیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بھی محدود کر دی ہے۔ ان اقدامات کے علاوہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت بھی مکمل طور پر بند کر دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان آنے والے دنوں میں بھارت کیخلاف مزید سخت اقدامات اٹھائے گا۔