آزاد کشمیر میں سیلاب نے تباہی مچا دی

مظفرآباد : آزاد کشمیر میں بادل پھٹ پڑا، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاعات، ہٹیاں بالا کے علاقے میں جمعہ کی شب کو بادل پھٹنے کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی، کئی افراد کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے سلسلے میں مزید شدت آگئی ہے۔ خاص کر آزاد کشمیر، گلگلت بلتستان اور خیبرپختونخواہ میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔جبکہ آزاد کشمیر کے علاقے ہٹیاں بالا میں جمعہ کے روز بادل پھٹ پڑا جس کے بعد علاقے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی۔ بتایا گیا ہے کہ بادل پھٹنے کے بعد ہٹیاں بالا کے علاقے میں آنے والا سیلابی ریلہ اپنے ساتھ کئی مکانات اور لوگوں کو بہا کر لے گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ سیلابی ریلے کے باعث کئی مکانات تباہ ہوگئے ہیں، جبکہ 5 افراد کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر پشاور، ہزارہ،فیصل آباد راولپنڈی کراچی حیدرآباد ڈویڑن میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایاکہ دریائے چناب اور دریائے جہلم میں درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے نے یکم جولائی سے 9 اگست کو ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیئے۔ ترجمان کے مطابق سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر مجموعی طور پر ایک سو انتالیس افراد جاں بحق ہوئے۔ ترجمان کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے سب خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایاکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں مجموعی طور پر ایک سو پندرہ افرادزخمی ہوئے ۔ ترجمان کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں186 گھروں کو جزوی جبکہ117 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے ۔ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 7 سوستر ٹینٹس تقسیم کیے ۔ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 1095کمبل تقسیم کیے۔