شمالی وزیر ستان میں امن کو برقرار رکھنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے، قبا ئلی مشران

پشاور: شمالی وزیر ستان کے قبا ئلی مشران نے کہا ہے کہ کسی کو شمالی وزیر ستان کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے،علاقے میں امن کو برقرار رکھنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرینگے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور یونیورسٹی میں رزمک کے طلباء کے زیر اہتمام وزیر ستان میں امن وامان کے حوالے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، جس میں وزیر ستان کے طلباء اور علاقائی مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی، سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر رزمک نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں امن کی فضا آئی ہے۔امن کو برقرار رکھنے کیلئے ہم سب نے مل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ امن کے حوالے سے یونیورسٹی کے نوجوانوں کے جذبات دیکھ کر اچھا لگا۔انہوں نے کہا کہ علاقے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے امن و امان کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت علاقے میں مثالی امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔ اُنہوں نے علاقے کے عمائدین پر زور دیا کہ وہ بھی اس سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔قبائلی مشران نے بھی امن کے حوالے سے سمینار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب علاقے میں امن وامان کیلئے خواہش مند ہیں۔اور ہم سب نے مل کر علاقے کی امن اور ترقی کیلئے حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔