افغانستان کے عوام کی خاطر موجودہ افغان حکومت کومستحکم کیا جائے، وزیراعظم عمران خان

اقوام متحدہ:وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو افغانستان میں منڈلاتے ہوئے ایک بڑ ے انسانی بحران سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر مستحکم، افراتفری کا شکار افغانستان ایک بار پھر بین الاقوامی دہشت گردوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ بن سکتا ہے لہٰذا آگے بڑھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ افغانستان کے لوگوں کی خاطر موجودہ افغان حکومت کو مضبوط اور مستحکم کیا جائے،ترقی پذیر ممالک میں کرپٹ حکمران اشرافیہ کی لوٹ مار کی وجہ سے امیر اور غریب ممالک کے درمیان فرق خطرناک رفتار سے بڑھ رہا ہے، خدشہ ہے کہ غربت کے سمندر میں چند امیر جزائر بھی موسمیاتی تبدیلی جیسی عالمی آفت کی شکل اختیار کرسکتے ہیں ،اسلامو فوبیا کے خطرناک رحجان کو مل کر روکنے کی ضرورت ہے، اس وقت اسلامو فوبیا کی بدترین اور نہایت سرایت پذیر شکل کا بھارت پر راج ہے، اسلامو فوبیا میں اضافہ کو روکنے کے بارے میں عالمی مکالمے کا اہتمام کیا جائے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے گھنائونے اقدامات جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہیں،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل پر منحصر ہے، کوویڈ وبا، اقتصادی مندی اور موسمیاتی تبدیلی کے سہ جہتی بحران سے نبرد آزما ہونے کیلئے ایک جامع حکمت عملی درکار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس سے ویڈیو خطاب میں کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں افغانستان کی صورتحال، تنازعہ کشمیر، اسلامو فوبیا، بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز، بدعنوانی کے مضمرات، کوویڈ وبا کے اثرات سمیت متعدد موضوعات پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔وزیراعظم نے افغانستان کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے لئے کسی وجہ سے امریکہ میں سیاستدانوں اور یورپ کے بعض سیاستدانوں نے پاکستان کو ان واقعات کیلئے موردالزام ٹھہرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے میں ان سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں جب ہم شامل ہوئے تو افغانستان کے علاوہ جس ملک نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا وہ پاکستان ہے۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے جانی و مالی نقصان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 80 ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں، ہماری معیشت کو 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔35 لاکھ پاکستانی عارضی طور پر بے گھر ہوئے اور ایسا کیوں ہوا؟ 1980 ء کے عشرے میں پاکستان افغانستان پر قبضہ کے خلاف لڑائی میں فرنٹ لائٹ سٹیٹ تھا۔پاکستان اور امریکہ نے افغانستان کی آزادی کیلئے لڑنے کیلئے مجاہدین گروپوں کو تربیت دی۔ ان مجاہدین گروپوں میں القاعدہ اور دنیا بھر سے مختلف گروپس شامل تھے، وہ مجاہدین تھے، افغان مجاہدین، ان کو ہیرو تصور کیا گیا۔انہوں نے یاد دلایا کہ صدر رونالڈ ریگن نے 1983 ء میں انہیں وائٹ ہاس میں مدعو کیا اور ایک خبر کے مطابق انہوں نے ان کا امریکہ کے بانیان کے ساتھ تقابل کیا، وہ ہیروز تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ 1989 ء میں سوویت یونین چلا گیا اور اسی طرح امریکہ نے بھی کیا اور افغانستان کو چھوڑ دیا گیا۔ پاکستان کو 50 لاکھ افغان مہاجرین کے ساتھ چھوڑ دیا گیا۔ ہمیں فرقہ وارانہ مسلح گروہوں کے ساتھ چھوڑ دیا گیا جن کا اس سے پہلے کبھی وجود نہیں تھا۔لیکن بدترین وقت وہ تھا جب ایک سال بعد پاکستان پر امریکہ نے پابندیاں لگا دیں، ایسا محسوس ہوا کہ ہمیں استعمال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نائن الیون کے فوری بعد امریکہ کو ایک بار پھر پاکستان کی ضرورت پیش آئی کیونکہ اب امریکہ کی قیادت میں اتحاد افغانستان پر حملہ آور ہو رہا تھا اور یہ پاکستان کی لاجسٹک سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں تھا۔اس کے بعد کیا ہوا؟ وہی مجاہدین جنہیں ہم نے تربیت دی تھی کہ غیر ملکی قبضے کے خلاف جنگ ایک مقدس فریضہ، مقدس جنگ یا جہاد ہے، ہمارے خلاف ہو گئے، ہمیں شراکت دار کہا جانے لگا، انہوں نے ہمارے خلاف جہاد کا اعلان کر دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کی سرحد سے ملحقہ قبائلی پٹی پاکستان کی نیم خود مختار قبائلی پٹی جہاں ہماری آزادی کے بعد سے کوئی پاکستانی فوج وہاں نہیں رہی تھی، وہاں کے لوگوں کی افغان طالبان کے ساتھ شدید ہمدردیاں تھیں جو ان کے مذہبی نظریے کی وجہ سے نہیں بلکہ پختون قومیت کی وجہ سے تھیں جو کہ بہت مضبوط ہے۔پاکستان میں اس وقت بھی 30 لاکھ افغان پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں جو تمام پختون ہیں، 5 لاکھ افغان پناہ گزین بڑے کیمپ میں رہائش پذیر ہیں جبکہ ایک لاکھ کیمپس ہیں۔ ان سب کی افغان طالبان سے وابستگی اور ہمدردی تھی۔ لہٰذا کیا ہوا؟ وہ بھی پاکستان کے خلاف ہو گئے اور پہلی مرتبہ پاکستان میں مسلح طالبان سامنے آئے اور انہوں نے بھی حکومت پاکستان پر حملے کئے۔جب ہماری فوج ہماری تاریخ میں پہلی بار قبائلی علاقوں میں گئی، جب بھی کوئی فوج سویلین علاقوں میں جاتی ہے وہاں ضمنی نقصان ہوتا ہے۔ لہٰذا ہمیں بھی ضمنی نقصان اٹھانا پڑا۔ جس کی وجہ سے شدت پسند بدلہ لینے پر اتر آئے لیکن صرف اتنا ہی نہیں ہوا۔دنیا کو معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان میں امریکہ نے 480 ڈرون حملے کئے اور ہم سب جانتے ہیں کہ ڈرون حملے اتنے زیادہ عین مطابق نہیں ہوتے اور ہدف بنائے جانے والے شدت پسندوں کے مقابلہ میں زیادہ ضمنی نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لہٰذا ایسے لوگ جن کے رشتے دار جاں بحق ہو جاتے وہ پاکستان سے بدلہ لینا چاہتے۔ 2004 ء اور 2014 ء کے دوران 50 مختلف مسلح گروہ ریاست پاکستان پر حملہ آور ہو رہے تھے۔عمران خان نے کہا کہ ایک موقع پر لوگ، ہمارے جیسے لوگ پریشان تھے کہ کیا ہم اس صورتحال سے نکل پائیں گے؟ پاکستان بھر میں بم دھماکے ہو رہے تھے اور ہمارا دارالحکومت ایک قلعہ کی طرح تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر دنیا کی سب سے منظم فوج اور دنیا کی بہترین خفیہ ایجنسیوں میں سے ایک خفیہ ایجنسی نہ ہوتی تو میرے خیال میں پاکستان بہت نیچے چلا جاتا، لہٰذا ہم جب آخرکار یہ سنتے ہیں۔امریکہ میں ترجمانوں اور ہر اس شخص کے بارے میں جس نے بھی امریکہ کی مدد کی ہے، کی حفاظت کے بارے میں بہت پریشانی پائی جاتی ہے، ہمارے بارے میں کیا خیال ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت زیادہ نقصان اٹھانے کی واحد وجہ یہ تھی کہ ہم افغانستان کی جنگ میں امریکہ۔کولیشن کے ایک اتحادی بن گئے۔افغان سرزمین سے پاکستان پر حملے ہو رہے تھے، کم از کم تحسین کا ایک لفظ تو ادا کیا جانا چاہئے تھا لیکن تحسین کی بجائے، تصور کریں ہمیں کیا محسوس ہوتا ہے جب افغانستان میں پیش ہائے رفت پر ہمیں موردالزام ٹھہرایا جاتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 2006 ء کے بعد افغانستان اور اس کی تاریخ کو سمجھنے والے ہر شخص پر واضح ہو گیا کہ افغانستان میں کوئی فوجی حل نہیں ہو گا۔ میں امریکہ گیا، میں نے تھنک ٹینک سے بات کی، میں نے اس وقت کے سینیٹر بائیڈن، سینیٹر جان کیری، سینیٹر ہیری ریڈ سے ملاقات کی۔میں نے ان پر واضح کرنے کی کوشش کی کہ اس کا کوئی فوجی حل نہیں ہو گا اور سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے لیکن اس وقت کوئی نہیں سمجھا اور بدقسمتی سے فوجی حل مسلط کرنے کی کوشش جہاں امریکہ سے غلطی ہوئی اور اگر آج دنیا کو یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ طالبان واپس اقتدار میں کیوں آئے ہیں، انہیں یہ کرنا ہے کہ اس کا گہرائی سے تجزیہ کرنا چاہئے کہ 3 لاکھ اسلحہ سے لیس افغان فوج نے لڑائی کے بغیر ہتھیارکیوں ڈالے اور یاد رکھیں کہ افغان دنیا کی بہادر اقوام میں سے ایک ہیں۔