کرم: کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر

کرم:ڈپٹی کمشنر کرم ڈاکٹر آفاق وزیرنے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل و شکایات معلوم کرکے ان کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی کمپاونڈ میں پلوسین وزیر کے مشران کیلئے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر تحصیلدار محال کرم امتیاز احمد بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں پلوسین وزیر کے مشران نے ڈومیسائل، حد براری اور ترقیاتی سکیموں پر مشتمل مسائل کھل کر بیان کئے،ڈپٹی کمشنر کرم ڈاکٹر آفاق وزیر نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کیے جائیں اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوئی سستی اور کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مختلف محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور قانون کی روشنی و میرٹ پر ان کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور درخواست گزاروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں۔پلوسین وزیر کے مشران نے ڈپٹی کمشنر کرم ڈاکٹر آفاق وزیر اور ضلعی انتظامیہ کے آفسران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔