تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،عاطف خان

مردان:سینئر صوبائی وزیر کھیل ، سیاحت و ثقافت محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس حوالے سے صوبائی حکومت عملی اقدامات اٹھارہی ہے، تاکہ عوام کو روشن مستقبل فراہم ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تعلیمی بورڈ مردان کے میٹرک کے سالانہ نتائج 2019 کے ٹاپ تھری پوزیشن ہولڈرز کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔سال 2019کے جماعت نہم و دہم کے سالانہ نتائج میں پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنیوالے طلبہ و طالبات کے لئے اعزازی تقریب کا انعقاد مردان بورڈ کے سپورٹس کمپلیکس ہال میں کیاگیا ۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں مردان بورڈ کے کنٹرولر راشد گل ، اکیڈمک آفیسر محمد علی شاہ اور اکائونٹ آفیسر زاہد حسین بھی موجود تھے۔مجموعی طور پر فرسٹ پوزیشن آصف اقبال ولد محمد اقبال نے 1065نمبر لیکر حاصل کی جوکہ کرنل شیر خان کیڈٹ کالج صوابی کا طالب علم ہیں ، جبکہ دوسری پوزیشن محمد نبیل ولد صالح محمد قائد اعظم پبلک سکول زیدہ صوابی نے 1064 نمبر لیکر حاصل کی ۔ اسی طر ح ماہ نور انعام ولد محمد انعام البدر ماڈل سکول شیوہ اڈہ صوابی نے 1062نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی ، آرٹس گروپ میں مجموعی طور پر پرائیویٹ حیثیت سے منیبہ عمیر اور انکی بہن اقراء عزیر ولد نوید علی نے بالترتیب 978اور 950 نمبرات لیکر پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ تیسرے نمبر پر حمیرا حسن ولد حسن محمد گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹلی کلاں نوشہرہ نے 948 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن لینے میں کامیاب رہی۔اس دوران بورڈ کے کنٹرولر راشد گل نے رزلٹ خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ کہ سائنس گروپ میں کل 45523طلبہ نے امتحان دیا جبکہ 41313 کامیاب قرار پاکر 90.75فیصد نتائج دیدیا۔ اس طرح آرٹس گروپ میں 20236 امیدواروں میں سے 13897کامیاب قرار پاکر 68.67فیصد رہا۔ مجموعی طور پر65759طلباء امتحان میں شامل ہوکر 55210پاس ہوئے ۔ نتیجہ کل 83.96فیصد رہا ۔ ٹاپ تھری پوزیشن ہولڈرز میں حمیرہ نے 893، عظمیٰ سرتاج 871، سعید عبد الرحمان 868 ، فاطمہ خیال محمد 862، اویس آفریدی 850، سدرہ خان 812، ایمن انور 853، راشد حسین 849، یسریٰ ساقی محمد 848 نمبر ات کے ساتھ نمایاں رہیں۔اس موقع پر مہمان خصوصی محمد عاطف خان نے کہا کہ تعلیم کو ترقی دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں ، انہوںنے کہا کہ بورڈ کو مستقل چئیرمین فراہم کرنے کیلئے مشاورت جاری ہے ، مہمان خصوصی نے کہا کہ ہم ضلعی ہیڈ کوارٹر میں نشتر ہال کے طرز پر کلچر ہال بنائیں گے ، مردان کے لئے جگہ کا انتخاب کیا جاچکا ہے ، اس کا رقبہ 20کنال اراضی پر محیط ہوگا ۔ اس سال سیاحت کے شعبے میں میں دلچسپی کا ثبوت یہ ہے کہ 20لاکھ لوگ صوبے کے مختلف جگہوں پر نکلے آئے تھے ، مردان بورڈ کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر طاہر جاوید نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے والدین کو مبارک باد پیش کی ، اور بورڈ کی تعلیمی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔