ٹوکیو پیرا اولمپکس:پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ملک و قو م کا نام روشن کیا، ڈاکٹرعارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ٹوکیو پیرا اولمپکس میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی موجود تھیں۔ صدر مملکت نے ٹوکیو پیرا اولمپکس (اگست-ستمبر 2021 ء ) میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر حیدر علی کو مبارکباد دی۔مملکت نے حوصلہ افزائی کیلئے حیدر علی کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حیدر علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ملک و قو م کا نام روشن کیا، امید ہے کہ مستقبل میں اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، خصوصی افراد کو ملک کا فعال شہری بنانے کیلئے ہنر اور تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ کھیلوں کی نئی پالیسی میں خصوصی افراد کو بھی شامل کریں گے۔