وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات، بے خوف ہو کر کھیلنے کا مشورہ

اسلام آباد:وزیرا عظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ میدان میں خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں ،محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں، پوری قوم کی ٹیم سے امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے یہ بات قومی کرکٹ ٹیم سے گفتگو کر تے ہوئے کہی جس نےوزیراعظم ہاوس میں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، سینیٹر فیصل جاوید اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ شریک تھے ،ملاقات کا آغاز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے تعارف سے ہوا۔وزیرِ اعظم نے کھلاڑیوں کو کرکٹ کے حوالے سے ٹپس بھی دیں۔ اسکے علاوہ وزیرِ اعظم نے کھلاڑیوں سے اپنے کرکٹ کیرئیر کے تجربات شیئر کئے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے کامیابی کے اصول وضع کر رکھے ہیں۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم دنیا کے سب سے کامیاب ترین انسان ہیں. انکا راستہ وہ ہے جو ہم پانچ وقت اللہ سے مانگتے ہیں. وہ راستہ جن پر اللہ کا انعام ہوا. عمران خان نے کہا کہ کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے انہوں نے کہا کہ انسان کو اللہ تعالی نے اشرف المخلوقات بنایا ہے۔انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا، آپکو پیسے کے بت کو توڑنا ہے۔ آپکو ٹیم اور قوم کیلئے کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں۔ پوری قوم اپکو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔آپ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے، بدر میں 313 نے بڑی فوج کو شکست دی اور صرف 13 سال میں دنیا کی سب سے بڑی سلطنتوں، رومیوں اور فارسیوں کو شکست دے دی۔آپ میں ٹیم سپرٹ ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں ، وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے، وزیراعظم نے کہا کہ میں جب کرکٹ کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا۔ انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ آپکو جارہانہ انداز میں کھیلنا ہے، دفاعی نقطہ نظر سے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیتتی.وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہار سے انسان سیکھتا ہے، کوئی بھی کامیاب شخص ایسا نہیں گزرا جو زندگی میں ہارا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ دن کے اختتام پر اپنا محاسبہ کرنے سے انسان اپنی غلطیوں کو سدھارتا ہے،ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں، دبائو میں پریشان ہونے کی بجائے پریشر سے لطف اندوز ہونا سیکھیں، وزیرِ اعظم نے کہا کہ وکٹ لینے پر کام کریں. رن روکنا اور وکٹ لینا دو علیحدہ تکنیکیں ہیں. انہوں نے کہا کہ محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں، پوری قوم کی آپ سے امیدیں وابستہ ہیں۔