کرپٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 1970ء کے بعد سے ہر الیکشن متنازع رہا، کرپٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات کی مخالفت کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں پرفارمنس ایگریمنٹس پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے یہ چیلنج ہے کہ کرپٹ سسٹم اس ای وی ایم سسٹم کی مخالفت کر رہا ہے۔ اس کی مخالفت کرنے والے ہمارے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انسان کا اصل امتحان مشکل وقت میں ہوتا ہے، اگلے دو سال تحریک انصاف کی حکومت کیلئے بہت مشکل ہیں۔ ہمیں حکومت میں رہتے ہوئے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں 10 سالوں تک قومی ٹیم کا کپتان رہا، اس دوران کرکٹ میں دو طرح کے کھلاڑی دیکھے، ایک وہ جو باصلاحیت تھے، دوسرے جو انتھک محنت کرتے تھے، میں نے ہمیشہ کم صلاحیت والے کھلاڑیوں کو کامیاب ہوتے دیکھا۔عمران خان نے کہا کہ ٹیم وہ کامیاب ہوتی ہے جو اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ جب تک آپ ہار نہیں مانتے، ہار آپ کو ہرا نہیں سکتی۔انہوں نے اس موقع پر شوک خانم ہسپتال کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تعمیر سے قبل میں نے کئی نامور ڈاکٹرز سے مشورہ کیا، ایک ڈاکٹر نے کہا ہسپتال تو بن جائے گا مگر غریبوں کا مفت علاج نہیں ہوگا۔ آج شوکت خانم ہسپتال میں 9 ارب روپے سالانہ غریبوں کے علاج پر خرچ ہوتا ہے۔