خیبر پختونخوا میں خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں،کامران بنگش

پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے اس بات کو خوش آئند قراردیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور اس کا قومی سطح پر بھی اعتراف ہو رہا ہے۔وہ پشاور کے مقامی ہوٹل میں صوبائی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ویمن چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے خواتین کی تیار کردہ مصنوعات سے متعلق نمائش سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔کامران بنگش نے نمائش کے انعقاد پردونوں اداروں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے کے شعبے میں بھی ٹھوس اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت میں خواتین کی تمام شعبہ ہائے زندگی میں شرکت یقینی بنتی جارہی ہے اور یہ صوبے کی ترقی کے لئے بھی ناگزیر ہے۔کامران بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خواتین کی فلاح وبہبود، اعلی تعلیم ، کھیلوں میں شرکت اور تعمیر و ترقی کے دیگر کاموں کے لئے فراخدلانہ فنڈز مختص کئے ہیں جبکہ خواتین کے تعلیمی وظائف اور عملی شعبے میں نوجوانوں کواپنے پائوں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانے کے لئے آسان قرضوں کی فراہمی میں بھی خواتین کو ترجیح دینے کی پالیسی اپنائی ہے جس سے انہیںپورا اسفتادہ کرنا چاہئے انہوں نے خواتین سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور حکومت کی طرف سے انہیں فراہم کردہ سہولیات سے پورا فائدہ اٹھائیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ خواتین مردوں کے شانہ بہ شانہ اپنی خداداد صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا عمل جاری رکھیں گی تاکہ قومی ترقی وخوشحالی کاعمل یقینی بنایا جاسکے۔