نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ”Absolutely Not” ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ابسلیوٹلی ناٹ ہے۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ابسلیوٹلی ناٹ ہے، اگر پاکستان نے سر اونچا رکھنا ہے اور ابسوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کرکٹ سیریز ملتوی ہونے سے پی ٹی وی کو 25 کروڑ کا نقصان ہوا تاہم ہم کرکٹ سیریز ملتوی ہونے پر سخت کارروائی کریں گے۔فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ساتویں مردم شماری میں نئی ٹیکنالوجی کااستعمال کیا جائے گا، نئی مردم شماری کا پراسیس 18 ماہ میں مکمل ہوگا جب کہ اگلا الیکشن نئی مردم شماری اور الیکٹرانک ووٹنگ سے ہونا ہے لہذا ان لوگوں کو مایوسی ہوگی جو کہہ رہے تھے اگلا الیکشن 6 ماہ میں ہوجائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعاعت نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہمیں بڑی کامیابی ملی ہے، پولیو ملک میں کم ترین سطح پر آگیا ہے اور 7 ماہ میں ایک بھی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا جو کہ خوش آئندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 40 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، وفاقی ملازمین کے لیے ہاؤس رینٹ الاؤنس کے لیے 44 فیصد اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے کہا ہے کہ اپوزیشن کو حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دینا چاہیے جو انتخابی اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں ورنہ حکومت کے لیے انتخابات میں دھاندلی کرنا کوئی مشکل بات نہیں ہوگی جبکہ اپوزیشن خود کہتی ہے کہ ادارے بھی ساتھ ہیں.انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اعتراض کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بھی تجویز دینی چاہیے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کے لیے کرسیاں اوپر نہیں ہوئی بلکہ کرسیاں ان کے لیے نیچھے آئی ہیں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف پیسے بچانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر سیاست کررہی ہے اگر آج ہم ان کو کہہ دیں کہ جو پیسے آپ کے پاس ہیں ان کا کوئی حساب کتاب نہیں ہوگا تو یہ سارے ریٹائر ہو جائیں گے.
مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جو ممالک گیس میں خود کفیل اور تیل درآمد کرتے ہیں، ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں انہوں نے کہا عالمی منڈی میں مہنگائی اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دراصل مہنگائی کا باعث ہے. فواد چوہدری نے کہا یہ تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان میں لوگوں کی آمدنی نہیں بڑی، یہ تسلیم کروں گا کہ میڈیا کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھی اور ان کے کئی مسائل کا سامنا ہے جبکہ کسان سمیت مزدور کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے.