چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہائبرڈ خطرات سےنمٹنے کےاقدامات پر زور

راولپنڈی:چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں ، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو صوبے میں داخلی سلامتی کی موجودہ صورتحال خاص طور پر فوج اور پاکستان رینجرز کی امن و امان برقرار رکھنے میں دیگر قانون نافذ کرنے والی اداروں کی مدد کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے میں تازہ ترین صورتحال میں ہائبرڈ خطرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے قومی سوچ کے ساتھ مل کر جواب دینے کی ضرورت ہے۔آرمی چیف کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کی کوششوں میں فوج کی طرف سے فراہم کی جانے والی کثیر الجہتی مدد کے بارے میں بھی بریف کیا گیا ، آرمی چیف نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے اہم منصوبوں پر بروقت اور موثر کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کے لیے کراچی کور کے کردار کو سراہا۔ دریں اثنا آرمی چیف نے زندگی ٹرسٹ کے زیر اہتمام خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سکول کراچی کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سکول میں معیاری تعلیم اور تربیت کی سہولیات فراہم کرنے پر انتظامیہ کو سراہا۔ بعد ازاں آرمی چیف نے پاک فوج، پاکستان رینجرز سندھ ، انٹیلی جنس ، سندھ پولیس ، اے این ایف اور اے ایس ایف سمیت دیگر شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان کا حال احوال دریافت کیا۔ آرمی چیف نے شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔قبل ازیں کراچی کور ہیڈ کوارٹرز آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔