رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین منتخب

لاہور:سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے انتخاب کے لئے گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ہو ا ، بورڈ الیکشن کمیشن جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید نے اجلاس کی صدارت کی ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے رمیز راجہ کے مد مقابل کوئی امیدوار نہیں آیا جس پر وہ بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب کر لئے گئے۔59 سالہ رمیز راجہ 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، رمیز راجہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ انہوں نے 1984ء سے 1997ء کے دوران 57 ٹیسٹ میچز میں 2833 رنز بنائے جب کہ 198 ون ڈے میچز میں 9 سنچریوں کی مدد سے 5841 رنز سکور کیے، رمیز راجہ نے کمنٹری کے میدان میں بھی خوب نام کمایا، رمیز راجہ کے بڑے بھائی وسیم حسن راجہ بھی ٹیسٹ کرکٹر تھے جنہوں نے عمران خان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلی۔