اٹلی نے پاکستان کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کردیا

اسلام آباد : اٹلی نے پاکستان کو بنا سود کے 28 سال کیلئے قرض دینے کا اعلان کردیا، گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے یورپی ملک کی جانب سے 2 کروڑ ڈالرز سے زائد کا قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق یورپی ملک اٹلی جانب سے پاکستان کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اٹلی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے 2 کروڑ ڈالرز سے زائد کا قرضہ فراہم کیا جائے گا۔اٹلی کی جانب سے فراہم کیے جانے والے قرض پر کسی قسم کا سود وصول نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ یہ قرضہ 28 سال کے طویل عرصے کے دوران واپس کرنا ہوگا۔ اٹلی کی جانب سے فراہم کردہ قرض کی بدولت پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ دوسری جانب حکومت نے ایک سال کے دوران حاصل کردہ اور واپس کیے جانے والے قرضوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 10 ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ واپس کرنا ہے‘ گزشتہ سال ہماری حکومت نے 8 ارب 39 کروڑ ڈالر کا قرض واپس کیا۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ 18 اگست 2018ء کو غیر ملکی سرکاری قرضہ 73 ارب 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔ 18 اگست 2018ء سے 30 جون 2019ء تک ہماری حکومت نے سات ارب 17 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی قرضہ حاصل کیا جبکہ اس دورانیہ میں 8 ارب 39 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی قرضہ واپس کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ واپس کیا جانے والا قرضہ تاریخ میں سب سے زیادہ ہے اس کی وجہ یہ تھی کہ گزشتہ حکومت نے اپنے آخری دو سالوں میں قلیل المدت قرض لئے۔ اس سال بھی ہمیں دس ارب ڈالر تک کے قرضے واپس کرنے ہیں۔