بھارتی میڈیا کا امریکی ایف-15 جنگی طیارے کوپاکستانی طیارے کو ثابت کرنےکا جھوٹا دعویٰ

کابل:افغانستان کے طالبان مخالف رہنما احمد مسعود اور دیگر نے ایک جنگی لڑاکا طیارے کی تصاویر سوش میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے مزاحمتی جنگجوؤں نے افغانستان کی وادی پنج شیر میں پاک فضائیہ کا طیارہ مار گرایا ہے۔تاہم اس دعوے کے برعکس آزاد صحافیوں کے گروپس نے اس تصویر کا بغور جائزہ لے کر حقائق پر روشنی ڈالی تو یہ معلوم ہوا کہ یہ تصویر 2018 میں گرے امریکی طیارے کی ہے۔مشہور مزاحمتی افغان رہنما احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے زمین بوس طیارے کی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہمارے شیروں نے پاکستانی جنگی طیارہ مار گرایا۔بعدازاں اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا لیکن اس ٹوئٹ اور اس کے اسکرین شاٹ کو طالبان مخالف دیگر گروپس نے بھی بڑی تعداد میں شیئر کیا البتہ اس تصویر کو جب گوگل پر سرچ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ تصویر تقریباً تین سال پرانی ہے۔اپریل 2018 میں ملٹری ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ کی جانب سے یہ تصویر لگائی گئی تھی جس میں ساتھ یہ تحریر کیا گیا تھا کہ ایریزونا-کیلیفورنیا کی سرحد پر روزمرہ کی تربیتی پرواز کے دوران امریکی ایف-16 لڑاکا فیلکن طیارہ گر گیا۔اسی تصویر کو ایران کی فار نیوز ایجنسی نے کریش لینڈنگ کے حوالے سے شائع آرٹیکل میں بھی استعمال کیا ہے۔یہ تصویر اور وادی پنج شیر میں پاک فوج کی مداخلت کے حوالے سے دیگر جعلی اور بے بنیاد خبریں ایک ایسے موقع پر سامنے آئیں جب طالبان نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے طالبان مخالف عناصر کے آخری گڑھ وادی پنج شیر کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے۔طالبان مخالف ان عناصر اور جنگجوؤں قیادت سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کے ساتھ ساتھ 80 اور 90 کی دہائی میں اس وادی میں مزاحمت کے لیے مشہور احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کررہے ہیں۔

https://twitter.com/ForumStrategic/status/1434854371741818884?s=20

اس کے علاوہ بھارتی چینل ‘ٹائمز ناؤ’ نے بھی ایک کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طیارے پنج شیر کی فضاؤں میں پرواز کررہے ہیں اور اسے افغانستان میں پاکستان کی مداخلت کا ثبوت بھی قرار دیا۔البتہ ایک آزاد ویب سائٹ یو کے ڈیفنس جرنل کے مطابق بھارتی میڈیا جس ویڈیو کا حوالہ دے رہا ہے دراصل وہ برطانیہ کے علاقے ویلز میں امریکی ایف-15 جنگی طیارے کی دوران پرواز بنائی گئی تھی۔