بھارتی میڈیا بوکھلاہٹ کا شکار، ویڈیو گیم کے مناظر کو پنجشیر میں پاکستانی طیارے بنا کر پیش کرنے لگا

دہلی : افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت کیا گری، بھارتی میڈیا میں ہر طرف آگ لگی ہوئی ہے۔ پاکستان دشمنی میں اندھے بھارتی میڈیا نے ویڈیو گیم کے مناظر کو پنجشیر میں پاکستانی طیارے بنا کر پیش کیا اور دفاعی امور کے ماہرین سے تبصرے بھی کرواتے رہے۔کابل کے بعد پنج شیر کو بھی طالبان نے فتح کر لیا لیکن 15 اگست سے جاری بھارتی میڈیا کی چیخ و پکار کم نہ ہوسکی۔

پاکستان دشمنی میں اندھے بھارتی میڈیا نے ویڈیو گیم کے مناظر کو پنج شیر پر پاکستان کا حملہ بنا کر پیش کیا اور بھارتی دفاعی تجزیہ کار تبصرے جھاڑتے رہے۔ٹی وی سکرین پر چلنے والے مناظر اے آر ایم اے تھری ARMA 3 نامی ویڈیو گیم سے لیے گئے تھے، جس میں جیٹ طیارے کو فائرنگ سے بچانا ہوتا ہے۔فیک نیوز میں بھارت کا ہاتھ بٹانے والے سوشل میڈیا پر یہ جعلی خبریں پھیلانے میں پیش پیش ہیں۔جبکہ دوسری طرف طالبان کے پنجشیر پر کنٹرول کے بعد مزاحمتی فوج کے سربراہ احمد مسعود روپوش، افغانستان کے سابق نائب صدر امر اللہ صالح راہ فرار اختیار کر کے پڑوسی ملک تاجکستان چلے گئے۔