فخر زمان کی سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی

لاہور: پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے فخر زمان کی سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی، جارح مزاج اوپننگ بلے باز کو بی کیٹیگری سے نکال کر سی کیٹیگری میں ڈال دیا گیا، جبکہ بطور کپتان اور انفرادی طور پر مسلسل مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرفراز احمد کو کیٹیگری اے میں برقرار رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جمعرات کے روز قومی کرکٹرز کیلئے سینٹرل کانٹریکٹ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں حیران کن طور پر کئی کرکٹرز کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔سب سے حیران کن تنزلی جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان کی قرار دی جا رہی ہے۔ فخر زمان نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور وہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے 3 بلے بازوں میں شامل ہیں۔تاہم اس کے باوجود فخر زمان کو اے کیٹیگری میں ترقی دینے کی بجائے سی کیٹیگری میں ڈال دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے شائقین کرکٹ نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فخر زمان کارکردگی دکھانے کے باوجود سی کیٹیگری میں ڈال دیے گئے ہیں۔جبکہ دوسری جانب مسلسل مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرفراز احمد کو اے کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے، جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ جبکہ پاکستان کے سب سے سنیئر کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ جاری نہیں کیا گیا ہے جس کے بعد دونوں کی کیرئیرز پر سوالات کھڑے ہو گئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 20-2019 کے لیے 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا جس میں کپتان سرفرازاحمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ کو اے کٹیگری میں رکھا گیا،پی سی بی نے گذشتہ سال 33 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے مگر اس سال ان کی تعداد میں نمایاں کمی کی گئی۔پی سی بی نے اظہر علی کو اے سے بی کٹیگری اور ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے والے محمد عامر کی تنزلی سی کیٹیگری میں کر دی ہے،بورڈ نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔کٹیگری اے میں سرفراز احمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ شامل ہیں اور کٹیگری بی میں اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض شامل ہیں جبکہ کٹیگری سی میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری کو رکھا گیا ہے۔نیا سنٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2019 سے 30 جون 2020 تک نافذ العمل ہوگا۔