ہاشم آملہ نےکرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

کیپ ٹاون : جنوبی افریقہ کے مایہ ناز مسلمان کرکٹر ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، اچانک فیصلے نے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ پر سکتہ طاری کر دیا، پروٹیز کے بلے باز کی جانب سے ریٹائرمنٹ لینے کے فیصلے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے جنوبی افریقی کرکٹر ہاشم آملہ نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، اور وہ آئندہ کرکٹ کے میدانوں میں دوبارہ کبھی نظر نہیں آئیں گے۔ ہاشم آملہ کے اس فیصلے نے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ پر سکتے کی کیفیت طاری کر دی ہے۔ شائقین کرکٹ سوال کر رہے ہیں کہ آخر ہاشم آملہ نے اچانک ریٹائرمنٹ کیوں لے لی۔ واضح رہے کہ ہاشم آملہ نے 28 نومبر 2004 کو بھارت کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، انہوں نے 124 ٹیسٹ میچز میں 46.64 کی اوسط سے 9282 رنز بنائے جن میں 28 سنچریاں اور 41 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بہترین اسکور 311 رنز ہے۔آملہ نے ون ڈے کیریئر کا آغاز 2008 میں بنگلہ دیش کیخلاف کیا، 181 ون ڈے میچز میں انہوں نے 27 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8113 رنز بنائے۔