کے پی فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی مصالحوں کیخلاف خصوصی کریک ڈاون ترتیب دیا

پشاور:کے پی فوڈ اتھارٹی نے پچھلے دو دن میں ملاوٹی مصالحوں کیخلاف خصوصی کریک ڈاون ترتیب دیا جس میں ڈائریکٹر آپریشنز خالد خان خٹک کی سربراہی میں تین ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، ٹیموں کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اسد علی، انیلا محبوب اور سائرہ نثار کررہی تھیں ۔ ان تینوں ٹیموں نے پچھلے دو دن میں آٹھ مصالحہ فیکٹریوں سے 14 ہزار کلوگرام ملاوٹی مصالحہ، دس ہزار کلوگرام چوکر، بیس بوری ٹوٹا چاول، 400سولیٹر استعمال شدہ بدبودار آئل، 160 کلوگرام غیر معیاری خشک رنگ اور تین سو کلوگرام چائنہ سالٹ برآمد کیا ہے جو کہ فوڈاتھارٹی کے چودہ ماہ کے دوران سب سے بڑی کاروائی ہے۔ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ انسانیت کا معیار اس قدر گھر گیا ہے کہ عوام کومصالحے کے پیسوں سے چوکر کھلایا جارہاہے۔ ہم چار بڑی ملاوٹی فیکٹریوں کی مشینری کو ظبط کرلیا ہے ۔ تجارت کی آڑ میں لوگوں کی زندگیوں کھیلنے والے کاروبارکا قلع قمع کرینگے اور ان کو کیفرکردار تک پہنچائینگے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اسد علی نے کل ضلعی انتظامیہ نوشہرہ کے ساتھ تاروہ جبہ اورنگ آباد میں کاروائی کرتے ہوئے ملاوٹی مصالحہ فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں سے2000 کلوگرام ملاوٹی مصالحہ، 2000 کلوگرام چوکر، مصالحے کا وزن بڑحانے کیلئے 20 بوری ٹوٹا چاول، 400 لیٹر (25 ٹین) استعمال شدہ بدبودار آئل، ایک ڈرم (80 کلوگرام ) غیر معیاری خشک رنگ، اور تین بڑے گرائنڈنگ مشین قبضے میں لے لئے ہیں۔ مالک مکان اور ملوث افراد کیخلاف متعلقہ پولیس سٹیشن میں مراسلہ جمع کرادیا ہے۔ اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی سائرہ نثار نے چارسدہ روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے فلور مل کے اندر واقع ملاوٹی مصالحہ فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں سے 21200 کلوگرام رنگ شدہ و غیر رنگ شدہ چوکر جسے مصالحہ کے طور پر سپلائی کیا جارہا تھا اور 80 کلو ( دو بوری ) نان فوڈ گریڈڈ کلر قبضے میں لے لیا ۔ سائرہ نثار کا کہنا ہے کہ چاول کے چلکے سے بننے والے چوکر کو گرائنڈ کرکے ہلدی نما رنگ دیکر مصالحوں میں ڈالا جاتا ہے جو کہ نہ ہضم ہونے والا چوکر ہے اور معدے کے کئی امراض کا موجب بنتا ہے۔ دوسری جانب اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی انیلا محبوب نے مرچ منڈی اور جی ٹی روڈ پر چھ مصالحہ فیکٹریوں کی چیکنگ کی ۔ مرچ منڈی میں دو فیکٹریوں کو گندہ آئل، غیر معیاری رنگ، ملاوٹ کیلئے ٹوٹا چاول کے استعمال پر سیل کیا جبکہ جی ٹی روڈ پر چمکنی کے علاقے میں دو مصالحہ فیکٹریوں سے تین سو کلوگرام چائنہ سالٹ برآمد کرلیا۔ انیلا محبوب کے مطابق مصالحے کی تیاری میں سرسوں کی تیل کی جگہ گندہ تیل یا استعمال شدہ تیل استعمال کرتے ہیں جو کہ صحت کیلئے شدید نقصان کا باعث بنتا ہے۔