افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی،امارت اسلامیہ

بیجنگ:امارت اسلامیہ افغانستان کی جانب سے چین کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کی سیکیورٹی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔امارت اسلامیہ افغانستان کے سیاسی دفتر کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی جانب سے نو رکنی وفد نے چینی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان کو دوسرے ملکوں کے خلاف سازشوں کیلئے اڈے کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے اور اس کے بجائے مسائل حل کرنے اور امن لانے میں مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کے اعلی وفد نے چینی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم کے مطابق ملا برادر کی سربراہی میں امارت اسلامیہ افغانستان وفد نے چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژئی، نائب وزیر خارجہ اور چین کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، طالبان کے 9 رکنی وفد نے چینی حکام سے سیاسی، معاشی اور افغانستان کی موجودہ صورت حال اور امن عمل پر تبادلہ خیال کیا، یہ دورہ چینی حکام کی دعوت پر کیا گیا۔