آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات میں پاکستان اور مسلح افواج کی سپورٹ پر اظہارِ تشکر کیا۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے راولپنڈی میں ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی ، علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، جبکہ افغان امن عمل سمیت علاقائی امن اور رابطہ کاری سے متعلقہ امور بھی زیر غور آئے۔اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فروغ امن کیلئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب بھائی چارے اور باہمی اعتماد کے بندھن میں بندھے ہیں، دونوں ممالک امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔آرمی چیف نے پاکستان اور مسلح افواج کی سپورٹ پر سعودی قیادت سے اظہار تشکر بھی کیا۔