قبا ئلی ضلع شمالی وزیرستان میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد،​ دفعہ 144 نافذ

شمالی وزیر ستان: ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے شمالی وزیر ستان میں اسلحہ رکھنے/ نمائش، ہوائی فائرنگ یا پٹاخوں کے استعمال، ون ویلنگ/ اوور سپیڈ، گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال، پارک میں جمع غفیر اکھٹا کرنے اور بغیر ماسک کے پھرنے پر پابندی لگاتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کیا ہے، خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت کاروائی کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ، موٹرسائیکل پر ون ویلنگ اور کریکرز کی وجہ سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا تھا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کافی حد تک خطرے میں پڑ گئی تھی جس کے باعث امسال امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر یہ اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں۔ اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو پی پی سی کے دفعہ 188کے تحت سزا دی جائیگی۔ اعلامیے میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے اور عوام سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔