ملک دشمن قوتیں سی پیک سے خوش نہیں

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں سے پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا، ملک دشمن قوتیں سی پیک سے خوش نہیں اسلئے وہ منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں، پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط ہیں، دشمن عناصر تعلقات میں دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن ہمارا دشمن ایک ہے اور ہم مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، پاکستان محفوظ ہے اور یہاں پر دہشتگردی لہر کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملک دشمن عناصر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اسی لئے پاکستان افغانستان میں پائیدار امن اور سیاسی استحکام کا خواہاں ہے، جتنی جلدی افغانستان میں حالات بہتر ہوں گے اتنا ہی پاکستان پر دبائو کم ہو گا۔ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ داسو واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پاکستان نے واقعہ پر چین کو اعتماد میں لیا ہے اور چین ہمارے ساتھ کھڑا ہے، ہمارا دشمن چالاک ہے وہ اسطرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتا ہے لیکن داسو پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ داسو واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، پاکستان اور چین مل کر معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے اور ملوث عناصر کو قرارواقعی سزا دی جائے گی۔ مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی اور دہشتگردی سے بھارت صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے پوری طرح سے تیار ہے اور بارڈر پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے، سارے معاملات ہمارے سامنے ہیں، قومی سلامتی کے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دوحہ میں انٹراافغان ڈائیلاگ کا خیرمقدم کرتا ہے، افغان مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں، افغان مسئلہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہو گا اور اس حوالے سے پاکستان تمام کوششوں کی حمایت کرے گا۔ ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ بھارت نے ہم سے کہا کہ ہم کشمیر کا معاملہ درست کرنا چاہتے ہیں، ہم نے انہیں مذاکرات کی بحالی کیلئے اپنی شرائط بتا دیں، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہم یہ نہیں برداشت کر سکتے کہ بھارت کشمیر میں جو چاہے کرتا رہے اور دنیا کو یہ دکھائے کہ ہم تو بہت اچھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوزیشن کشمیر کاز سے منسلک ہے، پاکستان نے جو شرائط دی تھیں 8 ماہ ہو گئے بھارت نے کچھ نہیں کیا، بھارت کشمیر پر اپنی پوزیشن بدلے گا تو ہم آگے بڑھیں گے۔ مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے، بھارت کا خیال تھا کہ وہ بربریت اور جارحیت سے کشمیریوں کی آواز دبا دے گا لیکن وہ پالیسی میں کامیاب نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حدبندی کے معاملے پر آواز اٹھا رہے ہیں، ہمارے بہت سے ایکشن میڈیا میں نظر نہیں آئیں گے۔