افغانستان کے سفیر کی بیٹی ہماری بیٹی ہے

لاہور:پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عید کے موقع پر ہم افغانستان کے تمام گروپوں سے امن مصالحت اور مذاکرات کی اپیل کرتے ہیں، پاکستان الزام تراشی پر یقین نہیں رکھتا ، افغانستان کے سفیر کی بیٹی ہماری بیٹی ہے ، اس بارے وزارت خارجہ ، وزارت داخلہ کا موقف ہی پورے پاکستان کا موقف ہے ۔لاہور متحدہ علما بورڈ کے دفتر میں پیر کو مولانا عبد الوہاب روپڑی اور دیگر علما کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وا مان کے قیام کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر ہر سطح پر کوششیں شروع ہیں ، عید کے بعد ملک بھر کا دورہ کر رہے ہیں، متحدہ علما بورڈ کے اراکین ، وزیر اعلی ٰپنجاب عثمان بزدار کے تعاون سے صوبہ بھر کا دورہ کریں گے اور پیغام پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کروایا جائے گا۔اس موقع پرملک بھر کے علما و مشائخ نے عوام سے عید الاضحی ٰکے دوران کورونا کی وبا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے ، صفائی کا خیال رکھنے اور مستحقین ، فقرا ، مساکین ، غربا کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کی چوتھی لہر کی وجہ سے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، عید الاضحیٰ کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں ، کوشش کریں کہ شاپنگ مالز ، عوامی مقامات پر ماسک پہن کر جائیں اور مساجد میں وضو گھر سے کر کے اور اپنی جائے نماز ساتھ لے کر لائیں ، مساجد انتظامیہ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر مکمل عمل کریں ، علما و مشائخ، خطبا ، نماز عید کے خطبات میں عوام سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کے ساتھ صفائی کا خیال رکھنے اور عید کی خوشیوں میں مستحقین ، فقرا ، غربا اور مساکین کو شامل کرنے کا بھی درس دیں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا ایک وبا ہے جس سے حفاظت دعا ، احتیاطی تدابیر اور ویکسین سے ہی ممکن ہے۔رہنمائوں نے اپیل کی کہ قربانی سنت ابراہیمی ہے جس کو ادا کرنے والوں پر لازم ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اور صفائی کا بھی خیال کریں ، صفائی نصف ایمان ہے اور کورونا کی وبا کے پھیلنے کا ایک ذریعہ عدم صفائی ہے، لہذاشہری عید الاضحی کے ایام میں صفائی کے حوالے سے خصوصی احتیاط کریں ۔رہنمائوں نے علما ، خطبا ، آئمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر امت مسلمہ کی وحدت و اتحاد ، مظلوم فلسطینیوں ، کشمیریوں اور مظلوم انسانیت کیلئے اور کورونا کی وبا سے نجات کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں ۔رہنمائوں نے حج کے بہترین انتظامات پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان شا اللہ آئندہ سال حج اور عمرہ ماضی کی طرح ہو گا۔اس موقع پر مولانا محمد خان لغاری ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا محمد علی نقشبندی ، مولانا محمد رفیق جامی ، علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری ، علامہ زبیر عابد ، علامہ محمد حسین اکبر ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، قاری عبد الحکیم اطہر اور مولانا قاسم قاسم بھی موجود تھے۔