ایف اے ٹی ایف ​میں پاکستان کے خلاف بھارتی سازش بے نقاب

نئی دہلی:فیٹف میں پاکستان کے خلاف بھارتی سازش بے نقاب ہوگئی،بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف)میں پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف کرلیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران اعتراف کیا کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں رکھنا مودی حکومت نے یقینی بنایا، بھارتی کوششوں کے باعث ہی پاکستان گرے لسٹ میں ہے ۔ ہماری ہی کوششوں سے پاکستان فیٹف کے ریڈار پر آیا۔ جے شنکرکا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی ہے تاہم اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ دہشت گردی کو ایک عالمی مسئلے کے طور پر دیکھا جائے ۔جے شنکر نے دعویٰ کیا کہ ہم پاکستان پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے اور اسی وجہ سے پاکستان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے ۔بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے کسی دباؤ میں آ ئیں گے اور نہ ہی جھکیں گے ۔خیال رہے کہ گز شتہ ماہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے گرے لسٹ میں برقرار رکھنے پر فیٹف کے سیاسی استعمال کاسوال اٹھایا تھا، وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے فیٹف کے فیصلے پر سوال اٹھایا تھا کہ یہ سیاسی ہے یا پھر تکنیکی ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ گرے لسٹ میں رکھنا پاکستان پر دبا ئوبرقرار رکھنے کی کوشش ہے ، فیٹف کو مذموم مقاصد کے لیے سیاست زدہ کیا جا رہا ہے ، ریکارڈ پر ہے فیٹف سے متعلق یہ کئی بار کہہ چکا ہوں۔انہوں نے کہا تھا کہ بھارت فیٹف پلیٹ فارم کو سیاسی طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے ، ہم نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، بلاشبہ ان اقدامات میں ہمارا ہی مفاد ہے ، لیکن ٹھوس اقدامات کے باوجود ہم پر گرے لسٹ کی تلوار لٹکائے رکھنا درست نہیں ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان بھارت کو فیٹف لسٹ میں شامل کرنے کیلئے شواہد پیش کریگا۔