آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ​ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں شامل

لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک عمان اور متحدہ عرب امارات میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ء کے گروپس کا اعلان کردیا۔ 20 مارچ 2021ء تک ٹیموں کی رینکنگ کی بنیاد پر بننے والے گروپس میں سپر 12 کے گروپ 1 میں سابق چیمپئن انگلینڈ ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی شامل ہے جبکہ راؤنڈ 1 کے دو کوالیفائر بھی انہیں جوائن کریں گے۔گروپ 2 میں سابق عالمی چیمپئن بھارت اور پاکستان ، نیوزی لینڈ ، افغانستان اور رائونڈ 1 سے کوالیفائی کرنے والی دیگر 2 ٹیمیں بھی شامل ہوں گے۔ 8 ٹیمیں پہلے راؤنڈ میں خودکار طریقے سے کوالیفائی کرنے والی سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔ ورلڈ کپ کوالیفائر 2019ء سے کوالیفائی کرنے والی آئرلینڈ ، نیدرلینڈز اور نامیبیا گروپ اے میں سری لنکا میں شامل ہوں گے جبکہ گروپ بی میں عمان ، پاپوا نیوگنی اور سکاٹ لینڈ کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔