پشاور: دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں زخمی ہونے والے 70سے زائد پولیس اہلکاروں میں امدادی چیک تقسیم

پشاور:انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری کا ملک سعد شہید پولیس لائنز میں منعقدہ تقریب میں دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں مختلف کاروائیوں کے دوران شرپسندوں کے ساتھ مقابلوں میں زخمی ہونے والے 70سے زائد پولیس اہلکاروں میں امدادی رقوم اور چیکس تقسیم کئے۔سی سی پی او عباس احسن، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز رائے بابر سعید، چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید مروت، کمانڈنٹ کیمپس محمد حسین، ڈی پی او ضلع خیبر وسیم ریاض، ایس ایس پی آپریشنز یاسر آفریدی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزادہ کوکب فاروق اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔تقریب میں ایسے غازیوں نے بھی شرکت کی جو چلنے پھرنے سے قاصر تھے ۔ آئی جی پی خود ہر ایک غازی کے سیٹ پر جاکر ان سے گلے ملے اور ان میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے ۔70 غازیوں میں تقریبا 20 لاکھ سے زائد رقوم بطور امداد تقسیم کیں گئیں اور ان کے علاج و معالجے اور درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہی حاصل کی اور موقع پر ان کو حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے غازی اور شہداء ہمارا فخر اور مان ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس کے غازیوں اور شہداء نے فرائض کی ادائیگی میں ملک وقوم اور عوام کی حفاظت کے لئے اپنی خون سے جو تاریخ رقم کی ہے پوری دنیا میں اس طرح کی فرض شناسی کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے تقریبا 1800 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا جس میں کانسٹیبل سے لیکر ایڈیشنل آئی جی پی کے رینک تک کے افسر و جوان شامل ہیں۔ صرف پشاور میں 311 نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 471 اہلکار زخمی ہوئے، آئی جی پی نے غازیوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کے علاج معالجے پر اب تک جتنی رقم خرچ ہوچکی ہے یا ہو رہی ہے یا خرچ ہوگی ۔صوبائی حکومت ایک ایک پیسہ غازیوں کو ادا کرے گی ۔ آئی جی پی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پولیس کے غازیوں اور شہداء کی قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بالخصوص وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پولیس کے غازیوں اور شہداء کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کےلئے تیار ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ غازیوں اور شہداء کے ورثاءکی فلاح و بہبود اور ان کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے ۔آئی جی پی نے غازیوں میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کی اس تقریب کو بارش کا پہلا قطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایک غازی اور شہید کے گھرپہنچیں گے ۔اور صوبے بھر کے ریجنل پولیس افسروں کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں اس قسم کی تقاریب کا اہتمام کرکے غازیوں اور شہداء کی قربانیوں کی ستائش کریں انہیں عید قربان اور دیگر تہواروں میں بھی غازیوں اور شہداءکے گھر پر جاکر ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کی بھی ہدایت کی ۔آئی جی پی نے کہا کہ 4 اگست کو یوم شہداء پولیس کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا اور غازیوں کو ان تقاریب میں بطور مہمان خصوصی بلایا جائے گا ۔آئی جی پی نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا پولیس آئندہ بھی ملک وقوم کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لئے قربانیوں کی داستان اسی طرح رقم کرتے رہیگی ۔آئی جی پی نے غازیوں کے جذبے اور ہمت و عظمت کو کھڑے ہوکر سیلوٹ پیش کیا۔