بھارت چین کیساتھ سرحدی امور پر متعلقہ معاہدوں کی خلاف ورزی سے اجتناب کرے

بیجنگ : مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کو چین نے اپنی خودمختاری اور سالمیت کیلئے خطرہ قرار دے دیا، چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف بالکل واضح اور یکساں ہے، بھارت کی جانب سے لداخ کو وفاقی علاقہ قرار دینے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، یہ اقدام ناقابل قبول ہے، بھارت چین کیساتھ سرحدی امور پر متعلقہ معاہدوں کی خلاف ورزی سے اجتناب کرے۔تفصیلات کے مطابق چین کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مودی سرکار کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے اور لداخ کو وفاقی علاقہ قرار دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور اس فیصلے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کو چین نے اپنی خودمختاری اور سالمیت کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ چین نے بھارت کو سخت الفاظ میں وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت چین کیساتھ سرحدی امور پر متعلقہ معاہدوں کی خلاف ورزی سے اجتناب کرے۔ مقبوضہ کشمیر کے تنازعے کے حوالے سے فریقین کو یکطرفہ فیصلے کرنے سے اجتناب کرنا چاہیئے۔ متنازعہ علاقوں کے حوالے سے عالمی برادری میں اتفاق پایا جاتا ہے۔جبکہ بھارت چین کے ساتھ سرحدی تنازعے کو ہوا دینے سے گریز کرے۔ خیال رہے کہ بھارت نے گذشتہ روز آئین سے آرٹیکل 370 ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ۔ بھارت کے اس اقدام پر جہاں عالمی سطح پر مذمت کی گئی وہیں بھارت کے اندر بھی کئی رہنماؤں اور اعلیٰ بھارتی حکام نے بھی اس امر کی مخالفت کی اور کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ڈھانے کے بھارتی ایجنڈے پر کئی سکھ رہنماؤں نے اپنے ہاتھ کھڑے کر دئے اور کشمیر میں ظلم ڈھانے سے انکار کرتے ہوئے اپنے استعفے بھی دینا شروع کر دئے ہیں۔