حریم شاہ کی فیاض الحسن چوہان اور فاروق ستار کو دھمکی

کراچی : معروف ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے فاروق ستار اور فیاض الحسن چوہان کی اصلیت بے نقاب کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو بیان میں کہا کہ فاروق ستار اور فیاض الحسن چوہان میرے متعلق بے بنیاد باتیں بناکر لوگوں کو گمراہ کرنے اور اپنے صادق و امین ہونے کے دلائل دے رہے ہیں۔ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو بیان میں فیاض الحسن چوہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی بہت عزت کرتی تھی، جب بھی میڈیا والے مجھ سے آپ کے بارے میں پوچھتے تھے میں آپ کی اصلیت چھپاتی تھی، میں نے ہمیشہ یہی کہا کہ فیاض الحسن بہت اچھے انسان ہیں۔ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ میں فیاض الحسن کو سب کے سامنے بے عزت اور بدنام نہیں کرنا چاہتی تھی، میں نہیں چاہتی تھی کہ آپ کا سیاسی کیریئر خراب ہو، مجھے اور اللہ کو معلوم ہے کہ آپ کیسے انسان ہیں۔حریم شاہ نے فاروق ستار سے متعلق ویڈیو میں کہا کہ فاروق ستار جھوٹ نہ بولیں کہ میں کسی کے ساتھ آپ سے ملنے آئی تھی، حریم شاہ نے مزید کہا کہ فاروق ستار چھ ماہ سے درخواست کر رہے تھے کہ آپ جب بھی کراچی آئیں تو میری مہمان ہوں گی،اب عوام کے سامنے جھوٹ نہ بولیں۔حریم شاہ نے دونوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ لوگ اپنی بیویوں کے ساتھ وفا کریں، بہت جلد آپ کی بیویوں کو آپ کے کرتوت بتاؤں گی پھر ان کو معلوم ہوگا کہ آپ دونوں کس قسم کے لوگ ہیں اور کیسی حرکتیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ دونوں اس قابل نہیں کہ میں اپنے نام کے ساتھ آپ کے نام جوڑوں، میں آپ دونوں کو اس قابل نہیں سمجھتی نہ ہی سمجھوں گی۔