مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو ایل او سی کے قریب آباد کیا جا رہا ہے، مشال ملک

کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے وہاں نسل کشی کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ایک بیان میں مشال ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافک تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، وہاں کے مسلمانوں کو ایل او سی کے قریب آباد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے ہندوؤں کو کشمیر میں آباد کیا، اس تنظیم کے غنڈوں نے ماضی میں جموں میں مسلمانوں کو قتل کیا۔مشال ملک نے اپنے شوہر یاسین ملک کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی کہ وہ یاسین ملک کا معاملہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کمیشن میں لے کر جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یاسین ملک کو تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، وہ سو نہیں سکتے، مسلسل روشنی کی وجہ سے ان کی آنکھیں خراب ہو رہی ہیں۔