حکومت نے خواتین، نوجوانوں اور معذور افراد کو بااختیار اور برسر روزگار بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کیلئے وافر فنڈز مختص کئے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت نے خواتین، نوجوانوں اور معذور افراد کو بااختیار اور برسر روزگار بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں اور سہولیات کی فراہمی کیلئے وافر فنڈز مختص کئے ہیں، ارکان قومی اسمبلی سمیت میڈیا اور سول سوسائٹی کو اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور رہنمائی پیدا کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے چیک اور ہنر مند افراد میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو انٹرپرینیئور شپ کی جانب راغب کیا جا رہا ہے اور ان کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، حکومت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ میں بہتری سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں، مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہے، موجودہ حکومتی اقدامات کے باعث ٹیکسٹائل کے شعبہ میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک میں ملازمت کے مواقع نہ ہونے کے باعث ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر پروفیشنلز ملازمتوں کیلئے بیرون ملک گئے تاہم اب جو نوجوان مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر کلوڈنگ، نیٹ ورکنگ اور سائبر سیکورٹی سمیت دیگر ہائی ٹیک ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کر رہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ ملک میں رہ کر کام کریں تاہم وہ بیرون ملک بھی جا کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے 2018ء میں مصنوعی ذہانت اور کلوڈ کمپیوٹنگ کے حوالے سے آگاہ کیا تھا یہ ٹیکنالوجی چوتھا صنعتی انقلاب ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو فنی تربیت فراہم کرنے میں کامیاب جوان پروگرام اور نیوٹیک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان پروگراموں کے تحت کم مدتی فنی تربیت سے نوجوانوں کو روزگار کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ چین نے 80 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پر توجہ دی، کامیاب جوان پروگرام کے تحت بھی نوجوانوں اور خواتین کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس سے نہ صرف ان کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے بلکہ ملک سے غربت کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ماضی میں بینک جائیداد گروی رکھے بغیر قرضہ نہیں دیتے تھے اور زیادہ تر لوگ اس وجہ سے بینکوں میں قرضے کیلئے نہیں جاتے تھے تاہم اب اس پالیسی میں بڑی تبدیلی لائی گئی ہے اور نوجوانوں اور خواتین کو آسان شرائط پر قرضہ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین کو قرضہ دینے کیلئے وافر رقم مختص کی ہے تاہم اس میں سے خواتین نے پانچ فیصد بھی قرضہ نہیں لیا۔ معذور افراد کیلئے بینکوں کے پاس آسان شرائط پر قرضہ دینے کیلئے رقم موجود ہے تاہم آگاہی نہ ہونے کے باعث وہ اس سے استفادہ نہیں کرتے۔ حکومت نے 20 لاکھ معذور افراد کو ماہانہ دو ہزار روپے دینے کی منظوری دی ہے تاہم اب تک اس کیلئے ساڑھے تین لاکھ افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے حالانکہ ملک میں ایک کروڑ کے لگ بھگ معذور افراد ہیں۔