پاکستان آذربائیجان سے فوجی تعاون، علاقائی شراکت داری بڑھانا چاہتے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی :چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمہوریہ آذربائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور وزیرِ دفاع کرنل جنرل حسنوف ذاکر اصغر اوغلو سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان متمدن ثقافتی ، مذہبی اور تاریخی وابستگیوں پر مبنی مشترکہ قدروں کے ساتھ ساتھ تمام سطحوں پر باہمی فائدہ مند اور بہتر تعاون کی حامل زبردست جیو سٹریٹیجک اہمیت و صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج کی دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ فوجی تعاون اور علاقائی شراکت داری کو مزید بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔آذربائجان کے معزز رہنماؤں نے تمام بین الاقوامی فورمز پر آذربائیجان کے لئے پاکستان کی جانب سے حمایت پر چیف آف آرمی سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وزارت دفاع پہنچنے پر چیف آف آرمی سٹاف کو چاک و چوبند فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

شیئر کریں