جموں و کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں

اسلام آباد :کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر امریکا نے ردعمل دے دیا، جموں و کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، بھارت اسے اپنا اندرونی معاملہ قرار دے رہا ہے، تاہم کشمیر میں انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ بھارت اسے اپنا اندرونی معاملہ قرار دے رہا ہے۔ تاہم بھارت کو ہدایت کی گئی ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ بھارت نے آئین میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی۔ بھارت کے صدر سے کشمیر سے متعلق 4 نکاتی ترامیم پر دستخط کیے جس کے بعد اس حوالے سے صدارتی حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر آج سے بھارتی یونین کا علاقہ تصور کیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں کہلائے گا۔ مقبوضہ جموں کشمیر کی علیحدہ سے اسمبلی ہو گی۔