پشاور: صوبائی وزیرتیمور جھگڑا نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں 3 بیڈمنٹن کورٹس کا افتتاح کر دیا

پشاور:صوبائی دارالحکومت پشاور ملک کا واحد شہر ہوگا جہاں دو انٹرنیشنل کرکٹ گرانڈ موجود ہوں گے۔ اس سال ان اسٹیڈیمز پر کام مکمل ہو جائے اور آئندہ سال سے پاکستان سپر لیگ سمیت بین الاقوامی میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔ خیبرپختونخوا کا ترقیاتی بجٹ شرح دوسرے صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا۔تیمور سلیم خان جھگڑا نے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں تین نو تعمیر شدہ بیڈمنٹن کورٹس کا افتتاح کیا جبکہ کرکٹ اسٹیڈیم پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے شہریوں کو کھیل کی صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔یہ بیڈمنٹن کورٹس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔انہوں نے کہا خیبرپختونخوا کے شہریوں کو جلد یہاں بین الاقوامی مقابلے دیکھنے کے مواقع بھی ملیں گے۔ پشاور ملک کا واحد شہر ہوگا جہاں 2 بین الاقوامی کرکٹ گرانڈ موجود ہوں گے۔ حیات آباد کرکٹ گرانڈ اور ارباب نیاز کرکٹ گرانڈ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ تعمیراتی کام اسی سال مکمل ہو جانے کے بعد یہاں پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن کے میچز کرائیں جائیں گے جبکہ یہ دونوں کرکٹ اسٹیڈیمز انٹرنیشنل کرکٹ مقابلوں کے لیے بھی دستیاب ہوں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے انڈور فیمیل جمنازیم کا بھی دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایک سوال کے جواب میں تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا ترقیاتی بجٹ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں شرح کے لحاظ سے سب سے زیادہ ہے۔ پنجاب نے اپنے کل بجٹ کا 21 فیصد جبکہ سندھ نے 22 فیصد ترقیاتی بجٹ رکھا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 2021-22 کے کل بجٹ کا 33 فیصد ترقیاتی کاموں کے مختص کیا ہے جو کہ ملک بھر سب سے زیادہ ہے۔