آزادی کشمیریوں کا حق اور انہیں ان کا حق ضرور ملنا چاہیئے، شاہد آفریدی

لاہور:مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری ختم کرنے کا معاملہ، شاہد آفریدی کا بھرپور ردعمل، ہندوستانیوں کے تن بدن میں آگ لگا دی، قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو آزادی کا حق ملنا چاہیئے، اقوام متحدہ کیوں سو رہا ہے؟ امریکی صدر کو فوری اس مسئلے کے حل کیلئے کردار ادا کرنا چاہیئے۔تفصیلات کے مطابق مودی سرکار کی جانب سے کشمیر کی خودمختار حیثیت کو ختم کیے جانے کے فیصلے پر مایہ ناز پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہو اور کشمیریوں کو آزادی کا حق دلوائے۔شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا حق اور انہیں ان کا حق ضرور ملنا چاہیئے۔ شاہد آفریدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔