کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ ٹیم کا بنوں کا دورہ، جاری منصوبوں کا جائزہ

پشاور:ایک ہزار سہولیات کھیل پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ٹیم نے بنوں کا دورہ کرتے ہوئے وہاں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا، ٹیم میں پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند، ڈپٹی ڈائریکٹر امیر محمد بیٹنی، انجینئرز اسد خان، عمر شہزاد اور ریجنل سپورٹس آفیسر انور کمال برکی شامل تھے۔ بنوں میں بیڈمنٹن ہال کا تعمیراتی کام جاری ہے۔ ٹیم پوسٹ گریجویٹ کالج بنوں بھی گئی جہاں بیڈمنٹن ہال آخری مراحل میں ہے جبکہ کرکٹ اکیڈمی کو اکتوبر کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ پی ایم یو ٹیم نے ہدایت کی کہ معیار ہر حال میں یقینی بنایا جائے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مراد علی مہمند کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ کے تحت اس وقت صوبے میں 18 کرکٹ اکیڈیمیاں اور 25 بیڈمنٹن ہال زیر تعمیر ہیں جن میں سوات میں دو بیڈمنٹن ہال پہلے ہی مکمل کئے گئے ہیں۔ ٹیم نے بنوں کالج کے پرنسپل پروفیسر عطا اللہ خان سے بھی رابطہ کیا اور ان سے کام کے معیار بارے بات چیت کی۔ پراجیکٹ کے تحت رواں مالی سال میں مختص رقم میں سے 331 ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ مراد علی مہمند نے کہا کہ ایبٹ آباد، بونیر، چترال پایان، چترال بالا، دیر پایان، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، خیبر، کوہاٹ، لکی مروت، ملاکنڈ ، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں جاری منصوبوں پر اب تک 30کروڑ، 73لاکھ، 80ہزار 224روپے خرچ کئے گئے ہیں یہ منصوبے اسی ماہ مکمل کئے جائیں گے۔