پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئےسلیکون ویلی اور معروف پاکستانی نژاد ماہرین کے تجربوں سے استفادہ کر سکتا ہے،وفاقی وزیر شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئےسلیکون ویلی اور دنیا کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے معروف پاکستانی نژاد ماہرین کے تجربوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔ پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں سلیکون ویلی کی معروف کمپنیوں کے پاکستانی نژاد ماہرین سے آن لائن ملاقات کے دوران کہیں۔اجلاس میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے امور پر تفصیلی بحث ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس طرح کے رابطوں سے پاکستانی تارکین وطن کی حقیقی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ ڈگری حاصل کرنے کے باوجود پاکستانی نوجوانوں میں مناسب تربیت اور ہنر کا فقدان ہے ۔تربیت اور ہنر سے وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اچھی ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ان ضروری صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں انسانی وسائل کی ترقی، زراعت اور ایکوا ایگریکلچر ، چپ ڈیزائننگ ، سائبر سیکوریٹی اور بیٹریز جیسے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔