سی پیک کے تحت صنعتکاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل عاصم سلیم باجوہ

اسلام آباد:چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت صنعتکاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ معیشت ترقی کرے محاصل بڑھیں اور بے روزگاری کم ہو۔صنعتکاری ایک اہم ہدف ہے جس کے لئے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مراعات دیں گے۔مقامی طور پر درآمدی مال کا متبادل تیار کرنے والی اور برآمدی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی ۔جنرل عاصم سلیم باجوہ نے یہ بات اسلام آباد کے معروف صنعتکاروں کے ایک وفد سے خصوصی ملاقات کے دوران کہی جس میں اسلام آباد چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان، اسلام انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر طارق صادق اور اول نائب صدر عمیس خٹک، خالد جاوید، شیخ عامر وحید اورچیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین شامل تھے۔ باجوہ نے کہا کہ اسلام آباد کی صنعتی برادری کی جانب سے نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی تجویز اور خصوصی اکنامک زور بنانے کے پروپوزل کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔قبل ازین معروف صنعتکار خالد جاوید نے انھیں بتایا کہ اسلام آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں مزید صنعتوں کی گنجائش نہیں ہے اور پلاٹ بھی بہت مہنگے ہیں جس سے کارخانوں کی توسیع اور نئی سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ سی پیک روٹ پر ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر زمین موجود ہے جہاں اندسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے۔طارق صادق نے کہا کہ ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے سی ڈی اے اور آر ڈی اے کو بھی تجویز دی جا چکی ہے جو انکے زیر غور ہے

شیئر کریں