کوہاٹ: ​حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے مکمل اقدامات جاری ہیں، ڈائریکٹر سپورٹس عبداللہ شاہ

پشاور: قبا ئلی علاقوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے عوام کے لیےسپورٹس کمپلیکس اور دیگر پلے گراونڈز پر تعمیراتی کام جاری ہے اس سلسلے میں صوبائی سیکرٹری سپورٹس محمد عابد مجید کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر سپورٹس مرج ایریا پیر عبداللہ شاہ نے ٹرائیبل سب ڈویژن درہ آدم خیل اور سب ڈویژن حسن خیل میں زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشفاق احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل حنیف خان اور سپورٹس افیسر ساجد آفریدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر سپورٹس نے حسن خیل میں 5 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر 48 کنال سپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی معائنہ کیا انہوں نے تعمیراتی کام کو سراہا اور ٹھیکیدار کو معیاری کام جاری رکھنے کی تاکید کی۔سپورٹس کمپلیکس میں فٹ بال، کرکٹ، باسکٹ بال، والی بال بیڈ منٹن کورٹس انڈور اور آوٹ ڈور سسٹم شامل ہے۔ڈائریکٹر سپورٹس پیر عبداللہ شاہ نے فاٹا یونیورسٹی میں زیر تعمیر پلے گراونڈ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر سپورٹس افسر ساجد آفریدی نے ان کو مکمل بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر سپورٹس عبداللہ شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کی جانب سے مرج ایریا میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کے لیے مکمل اقدامات جاری ہیں اور اس حوالے سے سیکرٹری سپورٹس کی قیادت میں مختلف علاقوں میں قبائلی بچوں کے لیے کھیل کے شعبے میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ زمین ایک کروڑ تیس لاکھ روپے میں حاصل کی گئی ہے جبکہ اس کمپلیکس کو مزید وسعت دینے کے لیے مزید فنڈ بھی مختص کیا جائے گا اور وقت کے ساتھ مزید کھیلوں کے لیے اس کمپلیکس میں تعمیرات کی جائیں گیں۔سپورٹس افیسر ساجد آفریدی نے کہا کہ حسن خیل سپورٹس کمپلیکس اور درہ سپورٹس گراونڈ کے تعمیراتی کام کی مکمل نگرانی کر رہا ہوں معیاری کام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا وزیر اعظم عمران خان کے سپورٹس ویژن کے مطابق میرج ایریا میں کھیلوں کی بہترین سرگرمیاں فراہم کر رہے ہیں۔