پشاور: ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے زیر اہتمام بینک آف خیبر کے اشتراک سے منعقدہ انڈر 13 ٹیلنٹ ہنٹ سکواش پروگرام اختتام پذیر

پشاور:ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام بینک آف خیبر کے اشتراک سے منعقدہ انڈر 13 ٹیلنٹ ہنٹ سکواش پروگرام اختتام پذیرہوگیا ‘چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے’ ان کے ہمراہ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک ، ڈائریکٹر سپورٹس سید ثقلین شاہ ،پراجیکٹ ڈائریکٹرمر اد علی مہمند،سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان ‘قمرزمان’محب اللہ خان ‘ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ ‘شاہ فیصل ‘کوچ طاہر خان ‘ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تحسین اﷲسمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں منعقدہ سکواش ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں تین لڑکوں اور ایک لڑکی کا انتخاب کیا جانا ہے جس میں ٹاپ کھلاڑیوں کو منتخب کیاگیا ہے جس کے بعد حتمی سکالر شپ اور دیگر مراعات کیلئے ان کے ریسٹ ایکسرے کرائے جائیں گے جس سے ان کے ایج گروپ کا پتہ چلے گا اور کنفرم ہوگا ان کھلاڑیوں کو انڈر13 ہونا چاہئے جنہیں بینک آف خیبر تین سال کے لئے سکالر شپ دے گا ‘صوبہ بھر سے پشاور آنیوالے کھلاڑیوں کے لئے ان ٹرائلز اور میچز کے دوران رہائش کا فری انتظام کیا گیا ، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں صوبہ بھر سے 142 کھلاڑیوں نے شرکت کی ‘ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں لڑکیوں میں مہوش نے تمام دس میں سے دس میچ جیت کر پہلی ‘رانیا نے نو میں سے آٹھ میچ جیت کر دوسری ‘زرلش نے دس میں سے آٹھ میچ جیت کر تیسری جبکہ ماہ نور نے دس میں سے سات میچ جیت کر چوتھی پوزیشن حاصل کی ‘لڑکوں میں ہریرہ خان نے دس میں سے دس میچ جیت کر پہلی ‘عمیر عارف نے دس میں سے نو میچ جیت کر دوسری ‘عبیداللہ نے آٹھ میچ جیت کر تیسری ‘ابراہیم زیب نے سات میچ جیت کرچوتھی جبکہ نعمان خان نے چھ میچ جیت کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ سکواش کے لئے بینک آف خیبر اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا نے بہترین قدم اٹھایا ہے اس سے ہمیں اچھے کھلاڑی میسر آئیں گے انہیں ماہانہ بیس ہزار سکالر شپ کیساتھ تین سال تک بہترین کوچز اور دیگر سہولتیں بھی میسر آئیں گی دیگر محکموں کو بھی کھیلوں کے فروغ و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے’انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ہمیں تمام شعبوں کیساتھ کھیلوں میں بھی نقصان ہوا تاہم اب شرح کم ہوگئی ہے اور کھلاڑیوں کو ایس اوپیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا ‘انہوں نے کہا کہ سکواش میں کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں صوبہ بھر میں سکواش کورٹس تعمیر کئے جارہے ہیں جان شیر خان جیسے لیجنڈز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اگر کھلاڑی مطلوبہ محنت کریں تو ہم سکواش میں کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے اربوں کے منصوبے جاری ہیں جنہیں جلد از جلدمکمل کیا جائے گا اور بجٹ میں ان منصوبوں کے لئے باقاعدہ رقم مختص کی گئی ہے اور فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک کے مطابق یہ اچھا اقدام اٹھایا گیا ہے بینک آف خیبر پہلے بھی کھیلوں کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں پیش پیش رہا ہے جس سے معاشرے کی اصلاح کا سلسلہ جاری ہے اور اب ایک مرتبہ پھر بینک آف خیبرنے ہمارے ساتھ مل کر یہ قدم اٹھایا ہے جس کا مقصد سکواش کے کھیل کو فروغ و ترقی دینا ہے اور نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کرنا ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم بھی اس سلسلے میں سب سے آگے ہوں سکواش کی ترقی کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اس پروگرام میں ہمارے کوچز ‘ٹیکنیکل آفیشلز بھی بھرپور شرکت کررہے ہیں اور امید ہے کہ ہمیں بہترین کھلاڑی میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اس قسم کے پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا اس سے قبل ہم نے میڈل ونر کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے اور پھر انہیں سکالر شپس بھی دی جارہی ہیں جس سے وہ مستفید ہورہے ہیں خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قسم کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کا مقصد کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔